بھٹکل 9/اکتوبر (عاسِل شابندری /ایس او نیوز) بھٹکل بس اسٹینڈ سے نستار اور مُنڈلی کے لئے زائد بسیں دوڑانے کی اپیل کے ساتھ ساحل یوتھ اسوسی ایشن نستار کی طرف سے بھٹکل بس ڈپو مینجر کو ایک میمورنڈم پیش کیا گیا جس کی قیادت مجلس اصلاح و تنظیم کے رکن اور جے ڈی ایس صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے کی۔
عنایت اللہ شاہ بندری نے بس ڈپو مینجر کو بتایا کہ کووڈ لاک ڈاون سے پہلے نستار اور مُنڈلی کے لئے روزانہ دس بسیں چل رہی تھیں ، لاک ڈاون میں سروس ٹھپ ہوگئی، لاک ڈاون کے بعدسے لے کر اب تک صرف دو بسیں چل رہی ہیں ۔ نستار، منڈلی اور دیگر دور دراز سے سینکڑوں لوگ روزانہ بھٹکل شہر کی طرف سفر کرتے ہیں، مزید بتایا کہ ان علاقوں میں روزانہ کی اُجرت پر مزدوری کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے، اور بس سروس ٹھیک طرح سے نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو زائد پیسہ خرچ کرکے آٹو پر سفر کرنا پڑرہا ہے، بس سروس ٹھیک طرح سے نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ طلبہ کو بھی اسکول اور کالج جانے میں سخت دشواری پیش آرہی ہے۔ انہوں نے ڈپو مینجر سے درخواست کی کہ پہلے کی طرح بس کی خدمات بحال کی جائیں اور عوام کو راحت پہنچائی جائے۔
ڈپو مینجر دیوراج نے یقین دلایا کہ اگلے دو تین دنوں کےا ندر وہ پہلے پانچ بسیں دوڑائیں گے، پھر حالات کو دیکھتے ہوئے مزید بس سروس فراہم کریں گے۔
ساحل یوتھ اسوسی ایشن نستار کے صدر لئیق رکن الدین، سکریٹری عمّار کھاوا سمیت ددیگر کئی ذمہ داران اس موقع پر موجود تھے۔
